سڈنی/ویلنگٹن۔25جولائی (اے پی پی):ویمنز فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں کولمبیا اور فلپائن نے اپنے اپنے میچز جیت لئے، سوئٹزرلینڈ اور ناروے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ویمنز ورلڈ کپ کے منگل کو سڈنی فٹ بال سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کولمبیا نے جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دی،
کولمبیا کی کتالینکا اسمے نے 30ویں منٹ میں پینلٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جس کے کچھ دیر بعد ہی نوجوان کھلاڑی کائیسیڈو نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو 2-0 کردیا جو میچ کے آخری تک برقرار رہی۔
ویلنگٹن ریجنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ سٹیج کے ایک اور میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کو فلپائن کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فلپائن کی سرینا ایزابیل نے 24 منٹ میں سکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ سوئٹزرلینڈ اور ناروے کے مابین ویکاٹو سٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=376139