ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ (کل) سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا

85

کنگسٹن ۔ 7 نومبر (اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ (کل) جمعہ سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق یہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹس کی تاریخ کا پہلا موقع ہو گا کہ صرف ویمنز ایونٹ منعقد ہو گا۔ اس سے قبل مینز اینڈ ویمنز ورلڈکپ ٹورنامنٹس ایک ساتھ منعقد ہوتے تھے۔ ویسٹ انڈیز کو 8 برس بعد میگا ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اعزاز ملا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے آخری بار 2010ءمیں مینز اینڈ ویمنز ایونٹس کی میزبانی کی تھی۔ مینز ایونٹ میں انگلینڈ اور ویمنز میں آسٹریلیا فاتح رہا تھا۔ میگا ایونٹ 9 نومبر سے شروع ہوکر 16 دن جاری رہنے کے بعد سے 24 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ ایونٹ کے میچز اینٹی گووا اینڈ باربوڈا، گیانا اور سینٹ لوشیا میں کھیلے جائیں گے۔ میزبان ویسٹ انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ دفاعی چیمپئن سمیت نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کی ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔