کرائسٹ چرچ۔26مارچ (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 71 رنز سے ہرا دیا، قومی ٹیم 266 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، سوزی بیٹس کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گرین شرٹس کی یہ ٹورنامنٹ میں چھٹی شکست ہے۔ ہفتہ کو ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 26 ویں میچ میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے،
اوپنر بیٹر سوزی بیٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 126 رنز بنائے، پاکستان ویمنز کی جانب سے ندا ڈار نے 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ قومی ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے، ندا ڈار 50 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ہینا رو نے عمدہ باولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ سوزی بیٹس کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ قومی خواتین ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور اس نے ابتدائی راونڈ کے تمام 7 میچ کھیل کر صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے۔