اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر 2025 ایونٹ پاکستان میں شروع ہوچکا ہے ۔ ٹورنامنٹ میں ( کل) جمعرات کو ایک میچ کا فیصلہ ہوگا۔آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر 2025 ایونٹ تیسرا میچ تھائی لینڈ ویمنز اور بنگلہ دیش کی خواتین ٹیموں کے درمیان لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ، لاہورمیں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
پاکستانی ویمن ٹیم اپنا دوسرا میچ جمعہ کو سکاٹ لینڈ کی خواتین ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے شیڈول کے تحت ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر 2025 ٹورنامنٹ 9اپریل سے 19 اپریل تک پاکستان میں کھیلا جائے گا جس میں 6 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی، ایونٹ میں شریک ٹیموں میں میزبان پاکستان، ویسٹ انڈیز، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ،تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔
پاکستانی ویمن ٹیم ایونٹ میں 11اپریل کو دوسرے میچ میں سکاٹ لینڈ ،14 اپریل کو تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز 17 اپریل کو چوتھے میچ میں تھائی لینڈ جبکہ19 اپریل کو پانچواں اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کے مدمقابل ہو گی۔