ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل، جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

123
ICC Women's T20 World Cup
ICC Women's T20 World Cup

دبئی۔17اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے آسٹریلیا کا 135 رنز کا ہدف 17.2ویں اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، انیکے بوش کو 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،

آسٹریلیا ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے، بیتھ مونی نے 42 بالوں پر 44 رنز کی اچھی اننگز کھیلی، الیسے پیری 23 بالوں پر 31 اور کپتان تاہلیا میک گراتھ 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں جبکہ پھویبے لیچ فیلڈ 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں۔ جنوبی افریقہ کی بائولر آیابونگا کھاکا نے دو جبکہ مریزانے کیپ اور ملابا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا ویمنز ٹیم کا 135 رنز کا ہدف 17.2اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ انیکے بوش نے 48 بالوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کپتان لورا وولوارڈتھ 42 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔ آسٹریلوی بائولر اینابیل سدرلینڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل (کل) جمعہ کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔