اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان بیت المال نے فلاحی تنظیم زکوٰة فائونڈیشن آف امریکہ کے تعاون سے ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز کی اساتذہ اور طالبات کی استعداد کار اور مہارت میں اضافے کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ زکوٰة فائونڈیشن آف امریکہ کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر فضل الرحمن بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال نے تربیتی ورکشاپ میں شریک طالبات کو خراج تحسین پیش کریتے ہوئے کہا کہ خواتین کے موثر اوربھرپور کردار سے ملک میں معاشی ترقی کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تربیتی پروگرام کی مدد سے زندگی کے عملی میدان میں وہ زیادہ اعتماد اور بھرپور طریقے سے اپنی پیشہ وارانہ خدما ت انجام دے سکتی ہیں۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال نے اس موقع پر بتایا کہ ملک بھر میں قائم 165ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز ملک کی نادار خواتین کو ملکی ترقی کے دھارے میں لاتے ہوئے انہیں خودکفیل اور معاشرے کا ایک با عزت مقام دلانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے پاکستان بیت المال کے مراکز میں اس وقت 13000کے قریب خواتین زیر تربیت ہیں جبکہ اب تک اس منصوبے سے 341000 کے قریب خواتین تربیت حاصل کرتے ہوئے اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کے قابل ہو چکی ہیں۔ سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے بتایا کہ پاکستان بیت المال کی بنیاد محمد نواز شریف نے اس وقت رکھی جب وہ پہلی بار ملک کے وزیراعظم بنے اور یہ ادارہ ملک کو صحیح انداز میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خوبصورت تصور بھی پیش کرتا ہے۔
تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر انہوں نے زکوٰة فائونڈیشن آف امریکا کے کنٹری ہیڈ کا شکریہ ادار کرتے ہوئے مستقبل میں نادار افراد کی خدمت کے لیے مشترکہ کاوشوں کے لیے راستے تلاش کرنے پر زور دیا۔ زکوٰة فائونڈیشن آف امریکہ کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر فضل الرحمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ضرورت مند خواتین کو بااختیار بنانے سمیت پاکستان بیت المال کی عوامی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا اور سماجی تحفظ کے میدان میں مل کر کام کرنے کا بھی عندیہ دیا۔