ملتان ۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):ویمن یونیورسٹی متی تل کیمپس ملتان میں پی کوس(پولی سسٹک اووری سنڈروم‘‘ بارے آگاہی سیمینار منعقد ہوا ۔ترجمان کے مطابق خواتین کی بیماری پی کوس سے آگاہی اور علاج بارے کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں ۔سیمینار کا اہتمام شعبہ اکنامکس اور چیسی فارماسیوٹیکل کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ پولی سسٹک اوورین سنڈروم (پی سی او ایس) ایک ملٹی فیکٹوریئل اینڈوکرائنل ڈس آرڈر ہے جو خواتین میں بانجھ پن کی اصل وجہ ہے۔ بےترتیب حیض ، جسم پر زیادہ بالوں کا نکلنا ہرسوٹزم، وزن میں اضافہ پی سی او ایس کی عام علامات ہیں۔ یہ سب سے زیادہ ہونے والا خواتین کااینڈوکرائن ڈس آرڈر ہے اور بانجھ پن کی سب سےاہم وجہ ہے ۔ پولی سسٹک اووری سنڈروم (پی سی او ایس) کے اضافہ میں اہم کردار ادا کرنے والے خطرے کے عوامل میں جینٹک، نیورو اینڈوکرائن سسٹم، سست طرز زندگی، خوراک اور موٹاپا شامل ہیں اگرچہ علاج کے لئے سینتھیٹک دوائیں جیسے میٹفارمین اور اورل مانع حمل کی گولیاں دستیاب ہیں، لیکن ان کے مضر اثرات بھی باعث تشویش ہیں۔ اس لئے اب روایتی اور ہربل دوائیں تیزی سے توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ تاہم پی سی او ایس اور حیض سے متعلق صحت کو کافی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ سیمینار اسی سلسلے کی کڑی ہے آگاہی سیمینار کا تسلسل مستقبل میں جاری رہے گا ۔
مہمان مقررڈاکٹر شگفتہ مظہرایسوسی ایٹ پروفیسر ہیڈ آف گائناکالوجی ڈیپارٹمنٹ نشتر II ہسپتال ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولی سسٹک اووری سنڈروم ایک عام ہارمونل حالت ہے جو تولیدی عمر کی خواتین کو متاثر کرتی ہے۔ یہ عام طور پر جوانی کے دوران شروع ہوتا ہے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ علامات میں اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے۔پولی سسٹک اووری سنڈروم ایک عام حالت ہے جو آپ کے ہارمونز کو متاثر کرتی ہے۔ یہ ماہواری کی بے قاعدگی، بالوں کی زیادتی، مہاسوں اور بانجھ پن کا سبب بنتا ہے۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر میمونہ یاسمین فوکل پرسن؍چیئرپرسن ڈاکٹر حنا علی چیف آرگنائزرڈاکٹر رائمہ نذراسسٹنٹ پروفیسر شعبہ معاشیات اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھیں ۔