وینزویلا پر حملہ کرنے کی مبینہ کوشش سے کوئی تعلق نہیں ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

104

واشنگٹن ۔ 6 مئی (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر حملہ کرنے کی مبینہ کوشش میں ملوث ہونے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بیان گزشتہ روز وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو کی جانب سے وینزویلا پر حملہ کرنے کا الزام عائد کرنے کے جواب میں دیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم اس کی تحقیقات کریں گے لیکن اس حملے کا ہماری حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ان کی انتظامیہ فوجی اقدام میں دلچسپی رکھتی ہے۔ امریکی دفتر خارجہ نے وینزویلا حکام پر امریکا کے خلاف ایک وسیع تر بے بنیاد مہم چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے امریکہ پر الزام عائد کیا کہ اس نے کولمبیا کے فوجیوں کی مدد سے وینزویلا پر حملے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا اور حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث 2 امریکی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔