ویڈیوز لیک ہونے کے بعد کچھ لوگ پیسوں کے بیگز تھامے لوگوں کے ضمیر خریدنے کے نئے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں، سینیٹر فیصل جاوید

42

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ گزشتہ روز مریم نواز کا دیا گیا بیان توہین عدالت ہے، پی ڈی ایم کا کوئی مستقبل نہیں، ان کا ماضی ہی ماضی ہے،ویڈیوز لیک ہونے کے بعد کچھ لوگ پیسوں کے بیگز تھامے لوگوں کے ضمیر خریدنے کے نئے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں، عمران خان ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہیں جبکہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز مریم نواز کا دیاگیا بیان توہین عدالت ہے۔ ان کابیان اس سوچ کا عکاس ہے جس کے تحت یہ ججوں کو فون کرکے فیصلے لکھوانے کے عادی ہیں،ان کے خلاف فیصلہ آئے تو عدالتوں پر حملہ کردیتے ہیں،انہیں ہمیشہ اپنی مرضی کے ججز چاہئیں ، عمران خان پر بے بنیاد کیس بنا مگر انہوں نے ایک سال تک عدالتوں کا سامنا کیااور اپنی کمائی کا چالیس سال پرانا حساب دیا اور سرخرو ہوئے۔نواز شریف دوائی لینے نکلے مگر واپس نہیں لوٹے۔انہیں ہمیشہ صفائی کے مواقع ملے مگر وہ آج تک مطمئن نہیں کرسکے۔

ویڈیوز لیک ہونے کے بعد مارکیٹ میں کچھ لوگ پیسوں بھرے بیگز تھامے ضمیرخریدنے کے نئے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں۔خریدے گئے ووٹوں سے ہونے والے انتخابات سے بہتری نہیں آسکتی۔سیکرٹ بیلٹ کا طریقہ کار شفاف نہیں ہے ،ضرورت ہے کہ وہ طریقہ نکالاجائے جس کے تحت عوام کی حقیقی نمائندگی ہو۔ شفافیت کا ایک طریقہ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ووٹ پر بار کوڈ لگایا جائے تا کہ شفافیت جانچی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ دھاندلی کے خلاف آواز اٹھائی مگر اپوزیشن سیکرٹ بیلٹ چاہتی ہے۔یہ اصلاحات بہت پہلے ہوجانی چاہئے تھیں،چوری کا راستہ پہلے روکنا ہوگا، سب جانتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہے۔ اسے روکنے کے لئے اسمبلیوں میں تناسب کی بنیاد پربھی سینیٹر مقرر کئے جاسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم 2020میں بنی تھی اور اسی سال ختم بھی ہوچکی ہے۔ اس کا کوئی مستقبل نہیں۔ اب اس کا ماضی ہی ماضی ہے۔