ویکسینیشن سنٹرز پر ڈیٹا رجسٹریشن کا نادرا سے کوئی تعلق نہیں،ہیلتھ ورکرز مستعدی سے کووڈ ویکسینیشن ڈیٹا کااندراج کر رہے ہیں،چند کالی بھیڑیں ان کی شاندار خدمات کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں، ترجمان نادرا

68
Nadra
Nadra

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے واضح کیا ہے کہ ویکسینیشن سنٹرز پر ڈیٹا رجسٹریشن کا نادرا سے کوئی تعلق نہیں، ہیلتھ ورکرز کووڈ ویکسینیشن ڈیٹا کا اندراج کر رہے ہیں، چند کالی بھیڑیں ان کی شاندار خدمات کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔ دھوکہ دہی اور شناخت کی چوری سے کورونا سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے حوالے سے جمعہ کو جاری بیان میں نادرا کے ترجمان نے واضح کیا کہ نادرا اپنے نِمز سسٹم کے ذریعے کووڈ ویکسنیشن پروگرام کیلئے این سی او سی کو تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

جس میں این سی او سی کے لئے رجسٹریشن سافٹ ویئر ماڈیول تیار کیاجو ملک بھر میں ویکسینیشن سینٹر پر ضلعی ہیلتھ آفسرکے زیرنگرانی نصب کر کے ان کے حوالے کیا گیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ سینٹرز پر ویکسینیشن عمل یا ڈیٹا رجسٹریشن سے نادرا کا کوئی تعلق نہیں جبکہ ہیلتھ ورکرز مستعدی سے کووڈ ویکسینیشن ڈیٹا کااندراج کر رہے ہیں۔چند کالی بھیڑیں ان کی شاندار خدمات کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔

ذمہ دار شہری ہونیکا ثبوت دیں اور غلط اندراج یا جعلسازی سے گریز کریں۔بیان میں یاددہانی کرائی گئی ہے کہ شناخت کی چوری اوردھوکہ دہی ایک جرم ہے جس پر پاکستانی قانون کے تحت تین سال قید یا پچاس لاکھ روپے تک جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے۔ بیان میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ذمہ دار شہری کی حیثیت سے شناخت کی چوری کی اطلاع قانون نافذکرنے والے اداروں کو دیں۔