ویکسینیشن مہم 16 جون سے 15 جولائی 2025ء تک جاری رہے گی، سی ای او ہیلتھ

10

سرگودھا ۔ 18 جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر سارہ صفدر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے ویکسینیشن مہم 16 جون سے 15 جولائی 2025ء تک جاری رہے گی اور اس دوران پانچ سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ مہم کا مقصد ایسے بچوں کو ویکسین فراہم کرنا ہے جو کسی وجہ سے پہلے ویکسینیشن سے محروم رہ گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ان بچوں کو بھی ویکسینیشن دی جائے گی جنہیں معمول کی ویکسینیشن کے دوران نظرانداز کیا گیا۔

سی ای او ڈاکٹر سارہ صفدر نے کہا کہ ضلع بھر میں یہ مہم کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں فیلڈ ٹیمیں، موبائل ویکسینیشن ٹیمیں اور سوشل موبلائزرز شامل ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گے۔ مہم کے دوران 9 ہزار پانچ سو بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ ان بچوں میں وہ بچے بھی شامل ہیں جو 0 سے 23 ماہ اور 24 سے 59 ماہ کی عمر کے ہیں اور جنہیں حفاظتی ٹیکے لگانے کی ضرورت ہے۔