اقوام متحدہ۔10فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے عالمی رہنمائوں کے رواں سال کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے عالمی تعاون کے پروگرام کے لیے23 بلین ڈالر فنڈز کی فوری ضرورت کے مطالبے کی حمایت کی ہے نیز انہوں نے ویکسین کی جاری غیر مساوی فراہمی کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کورونا وائرس کی وبا کو شکست صرف اس صورت میں دی جا سکتی ہے جب تمام افراد کو ویکسین ، علاج معالجے اور ٹیسٹ کی سہولت فراہم ہو گی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دیگر عالمی رہنمائوں کے اس مطالبے کی حمایت کی ہے جس میں انہوں نے عالمی ادارہ صحت اور شراکت داروں کی جانب سے شروع کیے گئے پروگرام اے سی ٹی ایکسیلیریٹریعنی کووڈ۔19ٹولز تک رسائی کے فروغ پر زور دیا ہے جس کے لیے 23بلین ڈالر کی فوری امداد کی ضرورت ہے جس سےعالمی سطح پر کووڈ۔19ٹولز کی ہر فرد تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ویکسین کی غیرمساوی فراہمی ہمارے وقت کی سب سے بڑی اخلاقی ناکامی ہے جس کی قیمت لوگوں کو چکانا پڑ رہی ہے لہذا اس سلسلے میں اب فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ان ٹولز تک رسائی کو یقینی نہیں بنا لیتے یہ وبا ختم نہیں ہوگی اور لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس مزید گہرا ہوتا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے ہر فرد تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانا ہے تو اس کے لیے ہمیں سب سے پہلے اپنے نظام میں غیرجانبداری لانا ہو گی۔
عالمی ادارہ صحت اور شراکت داروں کی جانب سےکورونا وائرس کی وبا کے آغاز کے چند ہفتوں بعد اپریل 2020 میں اے سی ٹی ایکسیلیریٹریعنی کووڈ۔19ٹولز کی عالمی رسائی کے فروغ کا پروگرام شروع کیا گیا تھا اورویکسین کی عالمی رسائی کے لیے عالمی ادارہ صحت کا کوویکس پروگرام اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔