و زیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داو¿د سے سعودی عرب کے توانائی کے نائب وزیر خالد صالح کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

48

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داو¿د سے سعودی عرب کے توانائی کے نائب وزیر خالد صالح کی سربراہی میں وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ سعودی سفیر نواف بن سیّد المالکی اور توانائی، بجلی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں سے ماہرین بھی سعودی وفد میں شامل تھے۔ ملاقات کے دوران توانائی، بجلی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داو¿د نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں سعودی عرب کے سرمایہ کاری منصوبوں کو مکمل طور پر سہولیات دی جائیں گی۔ملک میں توانائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے رزاق داو¿د نے کہا کہ متبادل توانائی پالیسی سے سعودی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی سستی نہیں اور موجودہ حکومت متبادل توانائی سے عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا چاہتی ہے۔ مشیر تجارت نے سعودی کمپنیوں کو توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ خصوصی معاشی زونز کے حوالہ سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان معاشی زونز میں سرمایہ کاروں کو خاص سہولیات فراہم کر رہے ہیں جس میں مشینری کی ڈیوٹی فری درآمدات اور 10 سالوں تک ٹیکس چھوٹ ہے۔