ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ میں جامعہ مہران ،صوبہ سندھ کی پہلی اور ملک کی انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں تیسرے نمبر پر آ گئی

116
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

حیدرآباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے کی گئی رینکنگ میں مہران یونیورسٹی نے سندھ صوبے کی پہلے نمبر اور ملک کی انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں تیسرے نمبر پر آنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ 2025 میں مہران یونیورسٹی کو سندھ صوبے کی پہلے نمبر کی یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے۔

مہران یونیورسٹی کو رینکنگ میں یہ اعزاز ملنے پر مہران یونیورسٹی کے اساتذہ، طلباء، المنائی افسران اور ملازمین کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار اور فیکلٹی کے ڈینز کی جانب سے مبارکباد دی گئی ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ مہران یونیورسٹی کی بہترین رینکنگ اور ترقی مہران یونیورسٹی کے ہر طالب علم، ہر ملازم اور ہر ایلومنائی کی ترقی ہے۔ ہماری کوشش اور محنت ہے کہ مہران یونیورسٹی ورلڈ رینکنگ میں بھی اسی طرح ترقی کرے۔