لاہور۔27مارچ (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ٹارگٹ ہارڈننگ اس لئے ضروری ہے کہ پاکستان کی سالمیت ملک کی بہتر معیشت کے ساتھ منسلک ہے۔ بدھ کے روز پولیس فورس کے نام جاری اپنے آڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری اور سی پیک پراجیکٹس پر حملہ پاکستان کی معیشت اور آزادی پر حملہ ہے،ہم نے پہلے بھی دہشت گردی کے حملے نہ صرف روکے بلکہ دہشت گردوں کو شکست دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں پر حملہ پاکستان کے لوگوں کے ساتھ مل کر ناکام بنانا ہے، آپ پٹرولنگ پر ہوں یا ریڈ پر اپنی حفاظت کے ساتھ حساس تنصیبات کی حفاظت کر رہے ہوں، غیر ملکیوں کی سکیورٹی ڈیوٹی پر ہوں، سی پیک پراجیکٹ، سرکاری بلڈنگز، تھانوں کی ڈیوٹی پر ہوں، آپ نے نہ صرف اپنے آپ کو محفوظ کرنا ہے بلکہ ہونے والے حملے کو بھی روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے کسی بھی سوشل میڈیا کی جھوٹی ٹرانسفر، پوسٹنگ، سمری کی خبر پر کوئی توجہ نہیں دینی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہمیں دلجمعی کے ساتھ مل کر اس ملک اور لوگوں کی خدمت اور حفاظت کرنی ہے۔میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اکٹھے کام کرتے رہیں گے، انشا اللہ ان تمام حملوں کو ناکام بنائیں گے۔