پشاور۔ 04 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ناصر محمودستی نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ فرائض کی بہترادائیگی سے پولیس فورس کی قدر و منزلت میں اضافہ کرنیوالے تمام افسران وجوان فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ریجنل پولیس آفس ڈیرہ میں ٹانک پولیس لائنز میں دہشتگردوں کے حملے کامقابلہ کرنے والے پولیس جوانوں میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ اختر حیات خان کی طرف سے د یئے گئے نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نے دہشتگردوں کے خلاف علاقائی امن وامان برقرار رکھنے کے سلسلے میں پولیس کے پروفیشنلزم اور شب و روز سخت کاوشوں کو سراہا۔
ریجنل پولیس آفیسر نے امید ظاہر کی کہ پولیس کا ہر افسر اور جوان آئندہ بھی علاقائی امن کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی میں ملوث ا فراد کے خلاف گھیرا تنگ کرکے ان کو قانون کے کٹھہرے میں لانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔انہوں نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ ہر ایک وقوعہ کو اپنے لئے بطور چیلنج قبول کریں اور اپنی بہترین کارکردگی سے آئندہ بھی پولیس فورس کا نام روشن کریں۔
عوام کی پولیس سے زیادہ توقعات وابستہ ہیں لہٰذا پولیس افسران وجوان خدمت خلق اور پیشہ ورانہ جذبے سے سرشار ہوکر اپنے اہداف کے حصول کیلئے آگے بڑھیں اور لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں اپنی پوری استعدادی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔