ٹاپ سیڈڈ آرینا سبالینکا اور امندا انیسمووا ومبلڈن اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

31
Wimbledon Open Tennis Women's Singles
Wimbledon Open Tennis Women's Singles

لندن۔7جولائی (اے پی پی):بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ ٹینس سٹار اور تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح آرینا سبالینکااورامریکی ٹینس سٹار امندا انیسمووا اپنی فتوحا ت کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ جاپان کی نامور ٹینس سٹار نائومی اوساکا اور انگلینڈ کی ٹینس کھلاڑی سونے کارٹل خواتین کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے رائونڈ میں ہارکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب کے گراس کورٹ پر جاری ہیں، جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے رائونڈ میں 27 سالہ بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ ٹینس سٹار اور تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح آرینا سبالینکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بیلجیم کی ٹینس کھلاڑی ایلیس مرٹینزکو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور6-7(4-7)سے شکست دے کر کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں بیلاروس کی ٹاپ سیڈڈ فاتح کھلاڑی کا مقابلہ جرمن حریف کھلاڑی لورا نٹالی سیگمنڈ سے ہوگا۔امریکی ٹینس کھلاڑی امندا انیسمووا نے بھی چوتھی رکاوٹ عبور کرلی ،انہوں نے چوتھے رائونڈ کے میچ میں جمہوریہ چیک کی حریف کھلاڑی لنڈا نوسکووا کو 2-6، 7-5 اور 4-6سے شکست دی۔