دبئی ۔19فروری (اے پی پی):بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار ،تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آریانا سبالینکا ڈبلیو ٹی اے دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔
26 سالہ بیلاروسی ٹینس سٹار آریانا سبالینکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں روسی حریف کھلاڑی ویرونیکا ایڈورڈونا کدرمیٹووا کو شکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔متحدہ عرب امارات،دبئی کے ایوی ایشن کلب ٹینس سینٹر پر ڈبلیو ٹی اے دبئی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو عمدہ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
بدھ کو خواتین کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار ،تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کی فاتح اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آریانا سبالینکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے روسی حریف کھلاڑی ویرونیکا ایڈورڈونا کدرمیٹووا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6اور4-6 سے ہرا کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ ٹورنامنٹ کے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔فاتح بیلاروسی ٹینس سٹار کا تیسرے رائونڈ میں مقابلہ ڈنمارک کی ٹینس کھلاڑی کلارا ٹاسن سے ہوگا۔