اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر25فیصد اضافہ ہوا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2024سے مئی 2025تک کی مدت میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات سے ملک کو878ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 25فیصدزیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات سے ملک کو703ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
مئی میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات کاحجم 77ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواپریل کے مقابلے میں ایک فیصد اورگزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 7فیصدزیادہ ہے۔اپریل میں ٹرانسپورٹ خدمات کی برآمدات کاحجم 76ملین ڈالراورگزشتہ سال مئی میں 72ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 11ماہ کے دوران خدمات کے شعبے کی مجموعی برآمدات کاحجم 7.648ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 7.046ارب ڈالرکے مقابلے میں 9فیصدزیادہ ہے۔