اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر بل سے متعلق متعلقہ قائمہ کمیٹی میں سفارشات جمع کرائی جائیں، ٹرانس جینڈر بل کی شقوں میں بہتری کے لئے تین ترامیم ایوان میں جمع کرائی گئی ہیں۔
پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایوان بالا قانون سازی کا موقر ادارہ ہے، شریعت دین اور آئین کو سامنے رکھ کر بات کرنی چاہیے، سیاست نہیں کرنی چاہیے، ٹرانس جینڈر ایکٹ 4 سال قبل بنا، کمیٹی میں چیئرمین نظریاتی کونسل سے رائے لی گئی، شقوں میں بہتری کے لئے ترامیم ایوان میں پیش کی گئیں، وفاقی شرعی عدالت میں معاملہ زیر سماعت ہے، ٹرانس جینڈر کے بھی دیگر شہریوں کی طرح حقوق ہیں، ان کا احترام کرنا چاہیے،
سپریم کورٹ نے 2014ء کے فیصلہ میں انہیں شناختی کارڈ فراہم کرنے سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا، اس معاملے پر کمیٹی پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے۔ قبل ازیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے، اس پر متعلقہ قائمہ کمیٹی میں تفصیلی بحث ہونی چاہیے اور وکلاء سمیت تمام لوگوں کو اپنی آراء کمیٹی میں پیش کرنی چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=329431