فیصل آباد۔ 14 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ ٹرانس شپنگ فیسلٹی کے ذریعے پاکستان نہ صرف اومان اور مسقط بلکہ افریقا سے بھی دو طرفہ تجارت کو بڑھا سکتا ہے۔وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کاد ورہ کرنے والے فارن سروس اکیڈمی میں زیر تربیت 29ویں جونیئر ڈپلومیٹک کورس کے شرکاسے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانس شپنگ فیسلٹی سے افریقا تک آسان رسائی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے جہاں دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد اور چیمبر کا مختصر تعارف پیش کیا اور کہا کہ پاکستان میں دو طرح کی تجارتی تنظیمیں ہیں، ایسوسی ایشنز کسی مخصوص شعبے کی نمائندگی کرتی ہیں جبکہ چیمبر تمام شعبوں کی اجتماعی نمائندگی کرتا ہے اسی لئے ا س کی آواز کو زیادہ متوازن سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکس پالیسی، بجٹ کی تیاری اور دیگر پالیسیوں کی تشکیل میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہیں، اس سلسلے میں چیمبر کو وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح کی مختلف تنظیموں اور اداروں میں نمائندگی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اپنے ممبران کے مفادات کے تحفظ کےلئے ہر فورم پر اپنی رائے کا اظہار کرتا ہے ،اس کے ساتھ ساتھ اپنی سوشل کارپوریٹ ذمہ داریوں کے تحت شہر کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کی ممبرشپ کوئی بھی تاجر لے سکتا ہے
جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اور اس کے زیر اہتمام مختلف کمیٹیاں کام کرتی ہیں۔ چیمبر نہ نفع نہ نقصان کی بنیاد پر چلنے والا ادارہ ہے جو اپنے ممبروں کو غیر ملکی شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں تک رسائی کی سہولت کے علاوہ ویزےکےلئے سفارشی خط بھی دیتا ہے ، یہ سہولتیں دوسرے تاجروں کو دستیاب نہیں۔ ایس ایم ای سیکٹر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کےلئے ایگزام بینک اس سیکٹر کو کم شرح سود پر قرضے دیتا ہے جو بڑی صنعتوں کو دستیاب نہیں ہوتے۔
فارن سروس اکیڈمی کی ڈائریکٹر پروگرام ڈاکٹر مریم سعید نے اکیڈمی کا تعارف پیش کیا اور کہا کہ یہ ملکی اور غیر ملکی ڈپلومیٹس کی تربیت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی سفارتکاری میں معیشت کو کلیدی حیثیت حاصل ہے اور ہم ان افسروں کو مختلف ملکوں سے رابطوں کے ذریعے تجارت کو بڑھانے کے بھی ہنر سکھلاتے ہیں۔ اس موقع پر آذربائیجان، بنگلہ دیش، بلغاریہ، کیوبا، فجی، گھانا، مالی، اومان، روانڈا، سری لنکا، شام اور ترک قبرص کے ڈپلومیٹس نے اپنا اپنا تعارف کرایا۔
آخر میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے فارن سروس اکیڈمی اور جونیئر ڈپلومیٹک کورس کے شرکا کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے فارن سروس اکیڈمی کی ڈائریکٹر پروگرام ڈاکٹر مریم سعید کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کی شیلڈ پیش کی۔ ڈاکٹر مریم سعید نے بھی ڈاکٹر خرم طارق کو فارن سروس اکیڈمی کا نشان عطا کیا ، بعد میں گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی کے علاوہ ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔