ٹرمپ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ جنوبی علاقوں سے انخلا کرے، لبنانی صدر

"لبنانی صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ جنوبی لبنان کے علاقوں سے انخلا کرے۔”

بیروت۔28جون (اے پی پی):لبنانی صدر جوزف عون نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ جنوبی لبنان کے ان علاقوں سے انخلا کرے جہاں وہ اب بھی قابض ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق لبنانی صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں زور دیا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے شدہ فریم ورک معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔لبنانی ایوانِ صدر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی کہ واشنگٹن لبنان کی خودمختاری اور اس کی سرزمین کی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے لبنان کی معیشت اور قانونی سکیورٹی فورسز کی بھی حمایت کا وعدہ کیا ہے۔ایوانِ صدر کے مطابق صدر جوزف عون کو ہفتے کی رات ٹرمپ کا فون موصول ہوا، جس میں انہیں لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکی سرپرستی میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے پر مبارکباد دی گئی۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکا لبنان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ایسے اقدامات کی حمایت کرے گا جو اس معاہدے کے نفاذ اور لبنان میں امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا لبنانی عوام کے لیے خیر اور ترقی کا خواہاں ہے اور لبنان کی خودمختاری، آزادی اور اس کی سرزمین کی سالمیت کے تحفظ کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ لبنان میں ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے ذریعے مکمل رِٹ قائم کرنے، ملک کے استحکام کو لاحق کسی بھی خطرے کو روکنے اور حکومت کے فیصلوں کی حمایت میں امریکا بھرپور کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا لبنان کی معیشت اور قانونی سکیورٹی فورسز کی مدد میں بھی حصہ ڈالے گا تاکہ لبنان دوبارہ اپنے خطے اور دنیا میں اپنا نمایاں کردار حاصل کر سکے۔