
اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ایک ارب 14 کروڑ روپے کی لاگت سے تقریبا ساڑھے 10کلومیٹر کی روڈ عوام کی سہولت کے لئے بنائی جا رہی ہے جو ٹیکسلا کے عوام کا ایک دیرینہ خواب تھا، عوامی خدمت ہی ہماری سیاست ہے، قوم کی تقدیر بدلنے کے لئے آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے ، پی ڈی ایم مودی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اس وقت جو بھی سیاست میں کرپشن اور رشوت ہے اس کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوٹیکسلا میں ٹریفک پولیس دفتر میں خدمت سینٹراور ختم نبوت چوک ٹیکسلا سے فاروقیہ تک فیصل شہید روڈکی تعمیرکے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم این اے منصور حیات خان ، ایم پی اے عمار صدیق خان اور ایم پی اے ملک تیمور مسعودبھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تقریبا ساڑھے 10کلومیٹر کی روڈ عوام کی سہولت کے لئے بنائی جا رہی ہے اور تقریباً ایک ارب 14 کروڑ روپے کی کثیر رقم اس منصوبے پر خرچ ہو گی۔یہ روڈ دو رویہ اور کارپیٹڈ ہوگی جو یہاں کے عوام کا ایک دیرینہ خواب تھا وہ پورا ہونے جا رہا ہے۔ غلام سرور خان نے کہا کہ عملی سیاست میرا مشن ہے، عوام کی خدمت ہی ہماری سیاست ہے۔قوم کی تقدیر بدلنے کے لئے آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک اس علاقے کی شہ رگ ہے اور سڑک دو صوبوں کو آپس میں ملاتی ہے – انہوں نے اعلان کیا کہ چونگی نمبر 26 سے حسن ابدال تک سڑک کو کھلی کرنے اور اس کی ری ماڈلنگ کے لئے منصوبہ اسی سال شروع ہو جائے گا۔عوام کی سہولت اور ان کو درپیش مسائل کے پیش نظر چونگی نمبر 26 سے حسن ابدال تک چھ رویہ موٹر وے طرز کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا ۔اس میں پیدل چلنے والوں کے لیے 3 اوورہیڈبرج بھی بنائے جائیں گے اس کے علاوہ سروس روڈ بھی تعمیر کی جائے گی ۔اس کے علاوہ ٹیکسلا بائی پاس کے لئے بھی کوشش کر رہے ہیں کہ اس کی بھی جلد منظوری لے لی جائے- انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے اس علاقے میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے ۔عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اس علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے،یہ علاقہ کمرشل حب بنے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو آپ نے چنا اب آپ کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کی خوش قسمتی ہے 2021 کا آغازجمعے کا دن تھا اور اس سال کا اختتام بھی جمعہ کا دن ہو گا۔میری خواہش ہے کہ ہفتہ وار چھٹی اتوار کے بجائے جمعہ کے دن ہو۔آج جمعہ کے دن دو عوامی خدمت کے منصوبوں کا افتتاح ہوا ہے- انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس سینٹر ٹیکسلا میں خدمت مرکز کا آغاز اور فیصل شہید روڈ کی تعمیر سے یہاں کے عوام کو بہت فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہ خدمت سینٹر پنجاب کا پہلا خدمت سینٹر ہے ،ہم نے ٹیکسلا میں جوڈیشل کمپلیکس بنایا ہے-وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکسلا میں ترقیاتی کام ہم نے کئے اور کریڈٹ مخالفین لیتے ہیں ، انہیں شرم آنی چاہئے-انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا آپ کے ساتھ ہے۔یہاں کے عوام بہتر جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مقصد عوام کی خدمت ہے جو عوامی نمائندوں کافرض ہے ۔ غلام سرور نے کہا کہ پی ڈی ایم مودی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اس وقت جو بھی سیاست میں کرپشن اور رشوت ہے اس کے ذمہ دار نواز شریف ہیں ۔اس وجہ سے آج سیاسی لیڈروں کی شہرت میں کمی ہوئی۔سیاست میں ان کے پھیلائے ہوئے گند کو صاف کریں گے اور ان کا احتساب بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بیس ارکان اسمبلی کو کرپشن اور رشوت پر پارٹی سے نکالا۔سینٹ میں شو آف ہینڈ کے طریقے کو لانا چاہا مگر پی ڈی ایم نے مخالفت کی۔ان کی منافقانہ سوچ کی وجہ سے ان کا کو ئی ساتھ نہیں دے رہا-انہوں نے کہا کہ یہ سال پاکستان کی معیشت میں ترقی اور استحکام کا سال ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی یہ ترقی یافتہ ممالک میں پہلے سے جاری ہے ۔ہم نے مہنگائی کے خاتمے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں ۔عوامی نمائندے انتظامیہ کے ذریعے مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کریں گے ۔ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو عوامی نمائندے کھلی کچہری لگائیں گے ۔اس میں سرکاری افسران بھی شامل ہوں گے۔