سرگودہا۔24فروری (اے پی پی):ٹریفک قوانین کی آگاہی ہر اس شخص کیلئے ضروری ہے جو ڈرائیونگ کسی بھی صورت میں کررہا ہو ٹریفک قوانین کی آگاہی قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچانے کا موجب بنتی ہے سرگودھا ٹریفک پولیس تعلیمی اداروں اور روڈز پر لوگوں کو ٹریفک قوانین کی آگاہی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے اور کوشش کی جائیگی کہ ہر شخص کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس انچارج محمد یوسف چیمہ‘ انسپکٹر سٹی ٹریفک پولیس غضنفر علی اور ساجد علی نے مختلف سکولز اور روڈز پر آگاہی مہم کے دوران طلباء اور ڈرائیور حضرات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا
انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرکے نہ صرف ہم اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں پاکستان میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے جب سے تانگہ ریڑھی ختم ہوئی ہے اس وقت سے یہ کوچوان چنگ چی اور لوڈر رکشے لیکر روڈز پر آگئے ہیں
ان میں سے اکثر کے پاس نہ تو ڈرائیونگ لائسنس ہے اور نہ ہی انہیں ٹریفک قوانین سے آگاہی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک حادثات بڑھ رہے ہیں جس کی روک تھام کیلئے سرگودھا ٹریفک پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔