ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی بہتری کیلئے بڑے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے،کمشنرملتان ڈویژن

71

ملتان ۔ 31 جنوری (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے شہر میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے بڑے اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔اس سلسلے میں کمشنر ملتان نے ڈی سی ملتان محمد علی بخاری،سی ٹی او سردار ماوارن خان،ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ابو بکر اور سی او کارپوریشن اقبال خان کے ہمراہ پیدل بوسن روڈ کا جائزہ لیا۔

انہوں نے بوسن روڈ پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو وارننگ دیتے ہوئے چیف ٹریفک افسر سردار ماوارن کو 2 روزہ آگاہی مہم کے بعد سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی قانون کی خلاف ورزی ہے، ایکشن لیا جائے گا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے شاپنگ مالز کی روڈ پر غیر قانونی پارکنگ فوری ختم کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شاپنگ مالز مختص پارکنگ کی حد سے تجاوز نہ کریں، بوسن روڈ پر ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج مکمل روٹ کا دورہ کرکےمختلف پوائنٹس کا جائزہ لیا ہے۔ اگلے جمعہ پھر دورہ کرکے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لوں گا۔انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر یوٹرن ختم کرنے پڑیں گے،روڈ کو صاف کیا جائے گا۔ایم ڈی اے کو بوسن روڈ کی اپ گریڈیشن بارے کام کرنے کا ٹاسک سونپا ہے۔ اس موقع پر کمشنر نے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور انکے مسائل سن کر حل کے احکامات دیے۔