ٹریفک وارڈنز کیلئے مناواں لائنز میں فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام

95
ٹریفک وارڈنز کیلئے مناواں لائنز میں فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام

لاہور۔10مئی (اے پی پی):سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے ٹریفک وارڈنز کی جسمانی صحت(فزیکل فٹنس) کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اہم قرار دے دیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جمعہ کے روز 100 کلوگرام سے زائد وزن والے وارڈنز کیلئے مناواں لائنز میں فری میڈیکل و فٹنس کیمپ کا اہتمام کیا گیا،جہاں موٹے اور فربہ اہلکاروں کے پیشگی مختلف ٹیسٹ کروائے گئے ۔

کیمپ میں ڈاکٹرز اور نیوٹریشنز نے میڈیکل فٹنس پر وارڈنز کو لیکچرز دئیے ۔اس حوالے سے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے بتایا کہ موسم کی تلخیاں جھیلنے کے لیے ٹریفک وارڈن کا جسم صحت مند ہونا ضروری ہے، جسمانی طور پر مکمل فٹ اہلکار بہترین ڈیوٹی سرانجام دے سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فنٹس کیمپ لگانے کا مقصد وارڈنز کی صحت و تندرستی کو یقینی بنانا ہے، اسی فٹنس کے پیش نظر ہر ماہ فٹنس کیمپس لگائے جارہے ہیں۔

عمارہ اطہر نے بتایا کہ وارڈنز کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور وارڈنز کی فزیکل فٹنس کے پیش نظر مختلف کھیلوں کے پروگرام بھی تشکیل دئیے گئے ہیں۔سی ٹی او لاہور نے وارڈنز کے مکمل علاج و معالجے کیلئے تمام سہولیات فری فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔