لاہور۔4مئی (اے پی پی):سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے شہریوں کیلئے آگاہی ویڈیو جاری کردی۔آگاہی ویڈیو میں شہریوں کو ایمبولینس ودیگر ایمرجنسی گاڑیوں کو فوری راستہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسی طرح وارڈنز کو بھی ایمبولینسز و دیگر ایمرجینسی گاڑیوں کیلئے راستہ کلیئر رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔
تفصیل کے مطابق سی ٹی او نے ہدایت کی ہے کہ ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیوں کو سگنل ٹو سگنل فری موومنٹ گزارا جائے، ایمبولینس ڈرائیورز بھی غیر ضروری سائرن اور ہوٹر نہ بجائیں، سی ٹی او نے ہسپتالوں کے گردونواح میں وزٹس ورانگ پارکنگ ہٹانے اور سرکل افسران کو ہسپتالوں کے باہر پارکنگ انتظامات کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا ہے،اسی طرح ہسپتالوں کے ایمرجنسی گیٹس پر کوئی ریڑھی و غیر ضروری رکشہ اسٹینڈ نہ ہوں۔
عمارہ اطہر نے کہا کہ اکثر و بیشتر ایمرجینسی گاڑیوں اور ایمبولنیسز کو گزرنے میں مشکلات رہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سروسز، کارڈیا لوجی، میئو ہسپتال، جناح ہسپتال سمیت اہم ہسپتالوں کے باہر ازسرنو انتظامات کا جائزہ لیاجارہا ہے،غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے خاتمے کیلئے فوک لفٹرز و اضافی نفری کو یقینی بنائیں۔ سی ٹی اوکا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز اور رانگ پارکنگ کے خلاف کارروائی سے ٹریفک میں بہتری آئے گی۔