ٹریفک پولیس کے مرکزی سیکرٹریٹ کی تعمیر کاکام آئندہ 2 ما ہ میں شروع کر دیا جائے گا، ایس ایس پی سرفراز ورک

89
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):ٹریفک پولیس کے فیض آباد کے مقام پر مرکزی سیکرٹریٹ کی تعمیر کاکام آئندہ 2 ما ہ میں شروع کر دیا جائے گا، ڈرائیونگ سکول ، لائسنسوں کا اجرا، چالان رسیدوں کی کولیکشن سمیت دیگر سہولیات فراہم ہوں گی، ٹریفک پولیس کا ایڈمن ، اکائونٹ اور آڈٹ دفاتر سمیت ایس ایس پی آفس بھی سیکرٹریٹ میں تعمیر ہوں گے۔

ایس ایس پی اسلام آباد ٹریفک پولیس سرفراز ورک نے اے پی پی کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ ٹریفک پولیس جدید ٹیکنالوجیز کے پیش نظر ٹریفک سسٹم کے کنٹرول کے لئے ایک جامع منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں جو ڈرائیونگ لائسنس شہریوں کو جاری کیا جاتا تھا اس میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے گا اور اس ڈرائیونگ لائسنس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ٹریفک پولیس اسلام آباد سے لائسنس حاصل کرنے والے افراد بیشتر بیرون ممالک میں اس لائسنس کی بنا پر ڈرائیونگ کر سکیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایاکہ مجھ سے پہلے ڈرائیونگ لائسنس کے کارڈ کے لئے صرف ایک وینڈر کو کارڈ کی فراہمی کے لئے سپلائی آرڈر دیاجاتا تھا جس سے محکمے کو 70 سے 80 لاکھ روپے سالانہ کانقصان ہو رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے شفاف نظام کے فروغ کے لئے طریقہ کار وضع کیا ہے اور کارڈ کی فراہمی کے لئے درجنوں کمپنیوں نے اظہاردلچسپی جمع کرایاجس میں 3 وینڈر کو شارٹ لسٹ کیا اور پھر ان میں ایک سخت مسابقتی عمل پر بھی عملدرآمد کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح محکمہ ٹریفک پولیس کو سالانہ 70 سے 80 لاکھ روپے کی بچت یقینی بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میرے آنے سے پہلے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لئے ایک سےڈیڑ ھ ماہ کی تاریخ دی جاتی تھی جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھالیکن ہم نے صورتحال کوکنٹرول کرتےہوئے فوری ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کےلئے اقدامات کئے جس کے تحت ڈرائیونگ کے کامیا ب امیدوار ایک دن میں اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ٹریفک پولیس کو ہرقسم کی کرپشن سے پاک کیا جا جائے گا۔ ٹائوٹ مافیا اور کرپٹ افسران کے لئے ٹریفک پولیس کے دفاتر میں کوئی جگہ نہیں ہو گی۔