ٹنڈومحمدخان ۔ 02 ستمبر (اے پی پی):چہلم امام حسین کے سلسلے میں ایس ایس پی آفس ٹنڈو محمد خان میں اجلاس ایس ایس پی غلام نبی کیریو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سندھ رینجرز کے افسران، پولیس افسران سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام ، صحافیوں اور میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین عبدالکریم شیخ نے شرکت کی ۔
اس موقع پر ایس ایس پی غلام نبی کیریو کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی طرح چہلم امام حسین کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے، رینجرز اور پولیس کے جوان چہلم امام حسین کے موقع پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے، کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، چہلم امام حسین کے سلسلے میں نکالے جانے والے ماتمی جلوس اور مجالس کی سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چہلم امام حسین کے موقع پر علماء کرام اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی آفس میں قائم کنٹرول روم سے ماتمی جلوس کی نگرانی کی جائے گی، اس وقت شہر بھر میں پولیس کی جانب سے لگائے گئے 64 سی سی ٹی وی کیمرے کام کر رہے ہیں۔