ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موٹر سائیکل سڑک کنارے کھڑی ٹرالی کے ساتھ ٹکرانے سے 2نوجوان سگے بھائی جاں بحق

173
مانسہرہ ،حتی میرا کے قریب کوسٹر کو حادثے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ، دو زخمی ہوگئے

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ 24 مارچ (اے پی پی):موٹر سائیکل سڑک کنارے کھڑی ٹرالی کے ساتھ ٹکرانے کے نتیجہ میں 2نوجوان سگے بھائی جاں بحق ہوگئے،محنت کش لیاقت علی سکنہ 153گ ب کے 2بیٹے 21سالہ فرحان علی اور 23سالہ ذیشان علی ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر سے اپنی شوارمے کی دکان بند کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے گھر جارہے تھے راستہ میں چک نمبر 328ج ب اور چک نمبر 322ج ب لنک روڈ پر سڑک کنارے کھڑی خراب ٹرالی سے ٹکرا گئے،

جس سے دونوں کے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے،ذرائع کے مطابق خراب ٹرالی ایک روز قبل سے سڑک کنارے کھڑی تھی اور تاحال ٹرالی کے مالک کا علم نہیں ہوسکا،

ریسکیو اور پولیس ٹیم نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں،دونوں حقیقی بھائیوں مرحومین کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کے آبائی گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،

نماز جنازہ میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،ایک ہی گھر سے دو نوجوان بیٹوں کا جنازہ اٹھنے پر وہاں قیامت صغریٰ کا منظر اور ہر آنکھ آشکبار تھی۔