اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے سیاحت و وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان وصی شاہ نے کہا ہے کہ ٹورازم ایپ پاکستان کی سب سے بڑی سیاحتی معلوماتی ایپ ہوگی ، اس میں پاکستان کی آرکیالوجیکل سائیٹس بشمول پاکستان کے تمام سیاحتی مقامات کی تفصیلات ایک کلک پر حاصل کی جاسکیں گی، ملکی و غیر ملکی سیاحوں میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ ساتھ ریونیو میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گا۔
منگل کو ٹورزم ایپ کی تیاری کے سلسلے میں یہاں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹورازم ایپ کی تیاری پر دن رات کام جاری ہے۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والے اس خصوصی اجلاس میں آئی ٹی کمپنیز کی جانب سے اجلاس کے شُرکاء کو ایپ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے کہا کہ ایپ کی بنیاد ہم نے رکھ دی ہے اور آنے والی نسلیں اس سے بھر پور فائدہ اُٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے حصے کا کام کیا، اور جاری ہے ،
یقین ہے کہ آنے والی حکومتیں اس کام کو مزید آگے بڑھائیں گی، ڈیجیٹلائزیشن پاکستانی ٹورازم میں ایک انقلاب برپا کر سکتی ہے۔ وصی شاہ نے مزید کہا کہ ایپ میں پاکستان کے ٹورزم، تاریخ اور ثقافتی ورثے کے حوالے سے تمام معلومات دنیا بھر کے لوگ ایک کلک کے ذریعے حاصل کر سکیں گے جس سے اندرون ملک اور بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ ساتھ ریونیو میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگا۔
وزیر مملکت نے متعلقہ حکام کو ایپ پر کام مزید تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل فارن سیکریٹری مڈل ایسٹ، سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل ، اکنامک ڈپلومیسی ایمبیسیڈر رضوان سعید شیخ اور ڈی جی اورسیز پاکستانیز احسن وگن نے وزیر مملکت کی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414842