22.4 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومکھیل کی خبریںٹور آف اسلام آباد 2024 اختتام پذیر ہوگیا، ایس ایس جی سی...

ٹور آف اسلام آباد 2024 اختتام پذیر ہوگیا، ایس ایس جی سی بہترین کارکردگی کے ساتھ نمایاں

- Advertisement -

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):ٹور آف اسلام آباد 2024 اختتام پذیر ہوگیا، ایس ایس جی سی بہترین کارکردگی کے ساتھ نمایاں رہا ۔ تین روزہ ٹور آف اسلام آباد کا پانچواں ایڈیشن اتوار کو یہاں اختتام پذیر ہوگیا جس میں 90 سے زائد مقامی اور غیر ملکی سائیکلسٹ نے شرکت کی۔

اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ایونٹ کا انعقاد 6 تا 8 دسمبر کو کیا گیا جو مختلف چیلنجنگ روٹس پر مشتمل تھا۔ تمام تینوں مراحل میں ایس ایس جی سی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پہلے نمبر پر رہا، ایس ایس جی سی کے محمد یوسف مجموعی طور پر فاتح قرار دیئے گئے جبکہ ان کی ٹیم کے دیگر اراکین نے دوسری اور تیسری پوزیشنیں حاصل کیں جس سے ایس ایس جی سی کی ٹیم کی کارکردگی کی عکاسی ہوتی ہے۔

- Advertisement -

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق سٹیج ون میں اسلام آباد چڑیا گھر تا پیر سوہاوہ 15 کلومیٹر پر مشتمل تھا جس کا انعقاد 6 دسمبر کو کیا گیا اور سائیکلسٹ نے انفرادی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے مقابلہ آئندہ مراحل کےلئے خود کو تیار کیا۔ سٹیج ٹو فیصل مسجد تا لوئر ٹوپہ مری 70 کلومیٹر پر مشتمل تھا جو 7 دسمبر کو ہوا اور سائیکلسٹس نے 70 کلومیٹر طویل فاصلہ پر مشتمل چڑھائیوں کا سفر طے کیا، اس مرحلہ پر ان کو اپنی کارکردگی جانچنے کا موقع ملا۔

اسی طرح بی 17 تا فیصل ہلز کا 120 کلومیٹر طویل تیسرا اور حتمی مرحلہ 8 دسمبر کو منعقد ہوا جس میں سائیکلسٹس نے اپنی تیز رفتاری اور ہنر مندی کا مظاہرہ کیا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق مینز پروفیشنل کیٹگری میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایس جی سی کے محمد یوسف نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، اسی طرح ویمنز پروفیشنل کیٹگری میں کرسٹینا وائزر نے پہلی جبکہ کیٹلینا رومس نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ مینز فورٹی پلس کیٹگری میں وزیر محمد پہلے ، پیبلو سیمپر دوسرے نمبر پر رہے۔

ٹور آف اسلام آباد پاکستان میں منعقد ہونے والا سائیکلنگ کا ایک نمایاں ایونٹ ہے جو پیشہ ور سائیکلسٹس اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے اظہار کےلئے قومی سطح پر موقع فراہم کرتا ہے۔ ایس ایس جی سی پرو، اسلام آباد پرو، کرینک ایڈکٹس، روہتاس سائیکلنگ جہلم ، اسلام آباد ایمچورز اینڈ پروز کی ٹیموں نے رواں سال مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ایونٹ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری، بلوچستان، کے پی کے اور اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشنز کے صدور سمیت نمایاں شخصیات نے شرکت کی جو پاکستان میں سائیکلنگ کے ایونٹس کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس کے انعقاد کےلئے پرعزم ہے۔ ٹور آف اسلام آباد نہ صرف پاکستان میں سائیکلنگ کے ٹیلنٹ کی عکاسی کرتا ہے بلکہ قومی سطح پر منعقد ہونے والا ایک اہم ایونٹ بھی ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں