اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) پاک جاپان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا گیارواں دور ٹوکیو میں ہوا۔دونوں ملکوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد جبکہ سینئر نائب وزیر برائے خارجہ امور کازوکی یامازاکی نے جاپانی وفد کی قیادت کی۔اجلاس کے دوران دونوں ملکوں نے تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے دو طرفہ تعاون کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور شراکت داری کو بلندیوں کی نئی سطح تک لیجانے کے عزم کی تجدید کی۔مشاورت نے دونوں فریقوں کو بالخصوص تجارت،معیشت،سرمایہ کاری،رابطہ کاری،انسانی وسائل کی ترقی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نئے امکانات کا مواقع فراہم کیا۔اجلاس کے دوران متعلقہ خطوں میں امن و سلامتی کی صورتحال بھی زیر بحث لائی گئی۔سیکرٹری خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی کوششوں کے حوالے سے بریف کیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی مظالم کو بھی اجاگر کیا گیا ۔ جاپان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور سیکورٹی صورتحال کی بہتری میں پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کیا جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور کثیرالجہتی معاملات پر تعاون کر رہے ہیں۔ٹوکیو میں قیام کے دوران سیکرٹری خارجہ نے ڈپٹی چیف کیبنٹ سیکرٹری یاسو توشی نیشی مورا،پارلیمانی نائب وزیر برائے خارجہ امور نوریکازوسوزوکی اورنائب وزیر برائے خارجہ امور تاکوئی آکیبا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔