ٹوکیو۔ 25 جولائی (اے پی پی)جاپان میں ٹوکیو 2020 اولمپکس کے منتظمین نے فاتح کھلاڑیوں کو پیش کئے جانے والے تمغوں کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کردی ہے۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹوکیو میں ہونے والی اولمپکس کے آغاز سے ٹھیک ایک سال قبل بدھ کو ٹوکیو میں تقریب رونمائی منعقد کی گئی ہے۔ان تمغات کے سامنے کے رخ پر بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے ضابطے کے مطابق ”نیکے“ یعنی فتح کی یونانی دیوی اور گیمز کا سرکاری نام موجود ہے جبکہ پچھلی جانب ٹوکیو اولمپک کا نشان بنا ہے۔ڈیزائن تو انتہائی سادہ ہے تاہم کئی طرح کے زاویوں کے خموں نے تمغے کو سہ ابعادی اور کسی بھی سمت سے دیکھنے پر چمکدار دکھائی دینے والا بنا دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ تمغے موبائل فون اور دیگر چھوٹے الیکٹرانک آلات سے حاصل کردہ دھاتوں کو دوبارہ استعمال کر کے بنائے گئے ہیں۔