ٹوگو کے وزیرخارجہ کا وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

59

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):ٹوگو کے وزیر خارجہ رابرٹ ڈسی نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور تجارتی وفود کے باقاعدہ تبادلوں پر زور دیا گیا۔ تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے ٹوگو کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹوگو اور پاکستان کو دو طرفہ تجارتی تعلقات کی پائیدار ترقی کے لیے ایک طریقہ کار تیار کرنا چاہیے تاکہ باہمی طور پر فائدہ مند نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹوگو کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے کر افریقی خطے کی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹوگو اور پاکستان کے درمیان تجارت میں اضافہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند نتائج پیدا کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی کئی نئی راہیں کھلیں گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے ٹوگو کے وزیر خارجہ رابرٹ ڈسی اور ان کے وفد کا آئی سی سی آئی میں پرتپاک استقبال کیا اور چیمبر کا مختصر تعارف ان کے سامنے پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے افریقہ کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹوگو مغربی افریقہ میں واقع ہے اور پاکستان اپنی تجارت اور برآمدات کے فروغ کے لیے افریقی خطے پر توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوگو کے ساتھ پاکستان کا قریبی تعاون اسے افریقی مارکیٹ میں پائے جانے والے ممکنہ کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ٹوگو کے درمیان دوطرفہ تجارت زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہے اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے تمام ممکنہ شعبوں کو تلاش کرنے کے لیے تجارتی وفود کے باقاعدہ تبادلے کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ٹوگو کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ قریبی روابطہ قائم کرنا چاہتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دیا جا سکے اور تجارتی تعاون کے ممکنہ شعبوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کیا جا سکے۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور ٹوگو زراعت اور کان کنی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹوگو کے وزیر خارجہ کا وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر فروغ دینے کے ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔

جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان اور ٹوگو کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مفید تجاویز دیں۔