سان فرانسسکو ۔ 12 جون (اے پی پی) ٹویٹر نے چین، روس اور ترکی کی حکومتوں سے منسلک ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ اکاﺅنٹس کو ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹویٹر نے کہا ہے کہ اس نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد جن اکاﺅنٹس کو حذف کیا ہے وہ ناقدین پر حملہ کرنے، اپنی حکومتوں کے لیے پروپیگنڈہ کرنے اور غلط معلومات پھیلانے کا کام کرتے تھے۔ ٹویٹر نے دعوی کیا ہے کہ یہ تمام اکاﺅنٹس ایکو چیمبرز کے ایک ایسے نیٹ ورک پر مشتمل تھے جو پروپیگنڈہ پھیلانے، غلط معلومات کی تشہیر کرنے اور حکومت پر نکتہ چینی کرنے والوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔ ٹویٹر نے جو اکاﺅنٹس ہٹائے ہیں ان میں سب سے زیادہ اکاﺅنٹس کا تعلق چین سے ہے جس کے23 ہزار 750 اہم اکاﺅنٹس کو مزید تقویت پہنچانے اور ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے تقریبا ڈیڑھ لاکھ اکاﺅنٹس سرگرم تھے۔ کمپنی نے ترکی کے 7 ہزار 340 اکانٹس اور روس کے ایک ہزار152 اکاﺅنٹس کو بھی ہٹانے کے ساتھ ہی ان سب کا مواد حذف کر دیا ہے لیکن ریسرچ کے مقصد سے متعلق تمام ڈیٹا کو محفوظ کر لیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں جب بھی ضرورت ہو اسے پیش کیا جا سکے۔