اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں ہوا کی مدد سے 50ہزار میگا واٹ سے زائد متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ متبادل توانائی کے ترقیاتی بورڈ ( اے ای ڈی بی) کی رپورٹ کے مطابق 2018ءتک قومی گرڈ میں ہوا کی مدد سے پیدا ہونے والی 1000 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق اب تک مکمل کئے جانے والے 6 مختلف منصوبوں سے پیدا ہونے والی 292.3 میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو چکی ہے۔ اور یہ منصوبے کامیابی سے کاروبار بنیاد پر بجلی پیدا کررہے ہیں۔ اب تک مکمل کئے جانے والے چھ منصوبہ جات میں جھم پیر میں 50میگا واٹ کا ٹیرو پاور کمپنی لمیٹڈ ‘ یونس انرجی لمیٹڈ کا 50میگا واٹ ‘ 52.8 میگا واٹ کا ماسٹر ونڈانرجی لمیٹڈ‘ 30میگا واٹ کا ٹپال ونڈ انرجی لمیٹڈ‘ 59.5 میگا واٹ کا گھارو میں ٹیناگا جینیراسی لمیٹڈ اور 50میگا واٹ کا احمد ونڈو پاور لمیٹڈ کا منصوبہ شامل ہیں ۔