ٹیسٹ میچ جیتنا چاہتے تھے ، مسلسل وکٹیں گرنے پر پلان تبدیل کیا، بابر اعظم

137

کراچی۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیسٹ میچ جیتنا چاہتے تھے ، مسلسل وکٹیں گرنے پر پلان تبدیل کیا۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ٹیموں کے درمیان سیریز ڈرا ہونے کے بعد جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چائے کے وقفے کے بعد پلان جیت کی جانب جانے کا تھا لیکن اوپر نیچے وکٹیں گریں اور نئی گیند لی گئی تو پلان تبدیل کیا ، چار وکٹیں گریں تو میچ بچانا مشکل تھا لیکن سعود شکیل اور سرفراز احمد نے بھروسے والی اننگز کھیلی اور میچ کو جیت کی جانب لے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ سعود اور سلمان علی آغا آئوٹ ہوئے تو پلان تبدیل کرنا پڑا، نسیم اور ابرار نے نئی بال کے ساتھ مشکل وکٹ میں اچھی بیٹنگ کی چار اوور کھڑے رہنا دلیری کا کام تھا جس کا انہیں کریڈیٹ دینا چاہیے۔ ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ میرا کام ہے پرفارم دینا اور ٹیم سے پرفارمنس لینا۔بابر اعظم نے تسلیم کیا کہ ہمارا ٹیسٹ سیزن ایسا نہیں گیا جس کی توقع تھی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم کرکٹ کھیلتے آرہے تھے امید تھی کہ ٹیسٹ سیزن اچھا ہوگا لیکن بدقسمتی سے ٹیسٹ سیزن شروع ہوا تو انجریز سامنے آگئیں جس کی وجہ سے کمبی نیشن خراب ہوا اور نتائج ہمارے حق میں نہیں جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہر گرائونڈ کی اپنی کنڈیشن ہوتی ہیں، پچز ہمیں ملیں ہم نے اس کے مطابق پلان ترتیب بھی دیا، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ پچز کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی، ہم ہر پچ اور ہر کنڈیشن میں کھیلنے کیلئے تیار اور مطمئن بھی ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا ہے تنقید ہوتی رہتی ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو اور خود کو تنقید سے دور رکھوں، کوشش ہوتی ہے مثبت رہیں غلطیاں ہوتی ہیں، اپ اینڈ ڈان بھی ہوتا رہتا ہے لیکن ہمیں غلطیوں سے سیکھنا چاہیے ۔