کرائسٹ چرچ۔31دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز فواد عالم نے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یادگار اننگز پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھ ہوا۔ جمعرات کو اپنے ویڈیو بیان میں فواد عالم نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں زیادہ سے زیادہ دیر وکٹ پر رک کر کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر افسوس ہوا۔ فواد عالم نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم مشکل صورتحال سے دوچار تھی ‘ ایسے وقت میں پرفارم کیا اس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری طرح تمام کھلاڑیوں نے ہی میچ بچانے کی کوشش کی۔ وکٹ پر موجودگی کے دوران ہماری کوشش تھی کہ ہار نہیں ماننی، لگے رہنا ہے، سیشن بائے سیشن آج کا دن گزارنا ہے۔ فواد عالم نے کہا کہ مخالف باولر کی اچھی گیند پر بلے باز آئوٹ تو ہوتے ہی ہیں ‘ میری اور کپتان محمد رضوان کی کوشش تھی کہ آئوٹ نہیں ہوں گے اور وکٹ پر ہی وقت گزاریں گے۔