ٹیلہ بند غالب خیل میں قومی شناختی کارڈکیلئے گھر کی دہلیز پر رجسٹریشن مہم کا انعقاد

184
قومی شناختی کارڈ

پشاور۔ 03 ستمبر (اے پی پی):پاکستان کمیونٹی سپورٹ پراجیکٹ کے تحت پشاور کے فرنٹئیر ریجن کے 91مرد و خواتین نے قومی شناختی کارڈکیلئے گھر کی دہلیز پر رجسٹریشن کرا دی۔پی سی ایس پی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے تعاون سے فرنٹیئر ریجن پشاور کے علاقے ٹیلہ بند غالب خیل میں کامیابی کیساتھ دو روزہ رجسٹریشن مہم کا انعقاد کیا۔

جہاں دو دنوں کے دوران 47مرد اور 44خواتین نے قومی شناختی کارڈ کیلئے رجسٹریشن کرائی۔مقامی آبادی کو گھر کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی کے منصوبے کے عزم کے تحت علاقے کی خواتین کیلئے خصوصی نادرا رجسٹریشن مہم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اقدام پراجیکٹ کے سماجی ترقی کے اقدامات کا حصہ تھا تاکہ خواتین کمیونٹی کے ارکان کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ آسانی سے حاصل کرنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

مہم کے پہلے دن، کمیونٹی کے کل 50 مرد و خواتین نے گھر کی دہلیز پر قومی شناختی حاصل کرنے یا اس میں ترمیم کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھایا۔ مستفید ہونے والوں میں 29 مرد اور 21 خواتین تھیں جن کا تعلق ضلع پشاور میں پی سی ایس پی کے ٹارگٹ ایریا سے تھا۔ دوسرے دن بھی ایسا ہی مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا۔ 41 افراد اس خصوصی سہولت سے مستفید ہوئے جن میں سے 18 مرد اور 23 خواتین تھیں۔ پی سی ایس پی سی این آئی سی ڈرائیو کے اگلے مرحلے میں ضلع نوشہرہ میں پراجیکٹ کے علاقوں کا رخ کرے گا۔