ٹیلی نار پاکستان کا زراعت میں ڈیٹا کے استعمال سے بہتری کے لئے کراپ 2 ایکس کے ساتھ معاہدہ

137

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):ٹیلی نار پاکستان نے کسانوں اور زرعی کمپنیوں کو جدید ڈیٹا پر مبنی فصلوں کی نگرانی کے حل فراہم کرنے کے لئے ایگری ٹیک کمپنی ’کراپ 2 ایکس ‘کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، اس شراکت کا مقصد سمارٹ فارمنگ کے ذریعے فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانا ہے ، یہ اقدام کے ذریعے ڈیٹا سائنسدانوں، سافٹ ویئر ڈویلپرز، ہارڈ ویئر انجینئرز اور زرعی ماہرین کی مہارت سے فائدہ حاصل کیا جائے گا تاکہ کسانوں کو مٹی کے معیار کو بہتر بنانے، کھاد اور پانی کے استعمال کو مؤثر بنانے، اور کیڑوں کے حملے کی پیشگوئی اور کنٹرول کرنے میں مدد مل سکے، ان نئے سلوشنز کے ذریعے، زراعت کے بڑے مسائل کا حل نکالنے اور پاکستان کے زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا۔

پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ٹیلی نار پاکستان کی چیف پیپل آفیسر اریج خان اور کراپ 2 ایکس کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عائشہ عالم خرم نے اسلام آباد میں ٹیلی نار پاکستان کے کیمپس 345 پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس تقریب میں ٹیلی نار پاکستان کے سینئر نائب صدر کنزیومر مارکیٹنگ اور ڈیجیٹل، احسن میکن، ٹیلی نار پاکستان کے ہیڈ آف ڈیجیٹل، عمار مجید، ٹیلی نار پاکستان کی ہیڈ آف کارپوریٹ انوویشن، سانیہ اعجاز، جی ایس ایم اے انوویشن فنڈ کے ڈائریکٹر بلال قریشی، جی ایس ایم اے کے انوویشن فنڈ منیجر (اے پی اے سی) زوہیب جاوید، کراپ 2 ایکس کی پروجیکٹ منیجر حمیرا رانا اور کراپ 2 ایکس کے فیلڈ آپریشنز منیجر عبدالسمی پنہور نے بھی شرکت کی۔ اس شراکت داری کے ذریعے کراپ 2 ایکس کے سلوشنز ٹیلی نار پاکستان کی ‘مائے ٹیلی نار ایپ’ ایم ٹی اے، اور ایم ایگری پلیٹ فارم کے ذریعے دستیاب ہوں گے جس کی رسائی 20 ملین سے زائد صارفین تک ہو گی۔ٹیلی نار پاکستان کی چیف پیپل آفیسر اریج خان نے کہا کہ کراپ 2 ایکس کے ساتھ یہ شراکت داری زراعت کے شعبے کو مضبوط بنائے گی کیونکہ یہ کسانوں کو جدید اور پائیدار طریقوں سے ترقی کرنے کے لئے ضروری ٹولز اور معلومات فراہم کرے گی، ہمارا مقصد ٹیکنالوجی اور دیہی کمیونٹیز کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے تاکہ صارفین کو ایسے حل تک رسائی حاصل ہو، جو ح ان کے معاشی حالات میں مثبت تبدیلی لائیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر کراپ 2 ایکس عائشہ عالم خرم نے کہا کہ ہم زراعت کو زیادہ سمارٹ اور مؤثر بنانے کے لیے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر پرجوش ہیں، ٹیلی نار کے وسیع ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے، ہم اپنے ڈیٹا پر مبنی حل کو زرعی کمیونٹی تک پہنچا سکتے ہیں جس سے پیداوار اور پائیداری میں بہتری آئے گی، یہ شراکت داری ٹیکنالوجی سے چلنے والے زرعی مستقبل کے حصول کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔یہ شراکت داری ٹیلی نار پاکستان کے ڈیجیٹل اختراع کو فروغ دینے اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ کراپ 2 ایکس کے ساتھ مل کر ٹیلی نار پاکستان اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کے لئے ایک سمارٹ اور مضبوط زرعی شعبے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔