پیرس۔27اگست (اے پی پی):فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نےٹیلی گرام کے بانی پاول دروف کی گرفتاری سیاسی بنیادوں پرہونے کی تردید کر دی ہے۔اردو نیوز کے مطابق فرانسیسی صدر نے ایکس پرپوسٹ میں کہاکہ پاول دروف کی گرفتاری عدالتی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی طرح سے سیاسی فیصلہ نہیں ہے۔ یہ ججوں پر منحصر ہے کہ اس معاملے پر فیصلہ دیں۔پاول دروف کے پاس روسی شہریت کے علاوہ فرانسیسی پاسپورٹ بھی ہے۔
یاد رہے کہ ہفتے کو پیرس کے ایک ایئرپورٹ پر اچانک گرفتاری کے بعد پاول دروف کا فرانسیسی حراست میں آج چوتھا دن ہے۔39 سالہ ارب پتی پاول دروف پر الزام ہے کہ وہ ٹیلی گرام پر غیرقانونی مواد کو روکنے میں ناکام رہے۔ کمپنی نے ان پر عائد الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ ٹیلی گرام کے دنیا بھر میں 90 کروڑ سے زیادہ صارفین ہیں۔