راولپنڈی۔7مارچ (اے پی پی):اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ ٹیم بہتری کی طرف جا رہی ہے ، پلے آف میں پہنچے کا پورا چانس ہے ، میچ کے دوران کپتان اور کوچ کے درمیان رابطہ ہونا چاہیے۔ لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے ، اچھی پارٹنرشپ یا اچھا بائولنگ اسپیل گیم دور لے جاتا ہے۔
انہوں نے کہا چھوٹی موٹی غلطیاں ہو جاتی ہیں، ہم اب بھی ٹاپ فور میں جگہ بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا شاداب خان بہترین آل راؤنڈر ہیں ، ان کی کارکردگی سے مطمئن ہوں ۔ اظہر محمود نے کہا کہ میچ کے دوران کوچ اور کپتان کے درمیان رابطہ ہونا چاہیے ، جس طرح کمنٹیٹر میچ کے دوران پلیئر سے بات کر سکتا ہے تو ایسا ہی طریقہ کوچ سے بات کرنے کا اپنایا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا نسیم شاہ مکمل طور پر فٹ ہیں ، جیسے جیسے کھیل رہے ہیں ان کی کارکردگی بہتر ہوتی جا رہی ہے ، حنین شاہ باصلاحیت کھلاڑی ہے اور بہت اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں ۔