ٹینس کے تیسرے برے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا باضابطہ آغاز 3 جولائی سےانگلینڈمیں ہوگا

136
Indian Wells Open Tennis
Indian Wells Open Tennis

لندن۔27جون (اے پی پی):رواں برس کے تیسرے بڑے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 136 واں ایڈیشن 3 جولائی سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب ومبلڈن میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں اے ٹی پی کا 136جبکہ ڈبلیو ٹی اے کا 129 واں ایڈیشن ہو گا۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں قزاخستان کی ایلینا ریباکینا نے 2022 کا ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں میتھیو ایبڈن اور ان کے ہم وطن جوڑی دار میکس پورسل پر مشتمل آسٹریلوی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔

ویمنز ڈبلز مقابلوں میں باربورا کریجیکووا اور ان کی ہم وطن جوڑی دار کیٹرینا سینیاکوواپر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔رواں سال کا تیسرا میگا ایونٹ 3 جولائی سے شروع ہوکر 14دن جاری رہنے کے بعد 16جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔میگا ایونٹ کی انتظامیہ کے مطابق ومبلڈن اوپن ٹینس کے لئے 44 کروڑ 7 لاکھ پائونڈ کی انعامی رقم مختص کی ہے۔

ہسپانوی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز کو مینز سنگلز مقابلوں میں ٹاپ سیڈ جبکہ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور ومبلڈن اوپن کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کو سیکنڈ سیڈقرار دیا گیا ہے۔اسی طرح خواتین کے سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر ایک پائولش ٹینس سٹار آئیگا سویٹیک میگا ایونٹ کے لیے ٹاپ سیڈڈ قرار پائی ہیں جبکہ بیلاروس کی آریانا سبالینکا سیکنڈ سیڈ قرار پائی ہیں۔