ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی غیرجانبدار اور صاف شفاف مانیٹرنگ پروگرام کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے،مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم

84

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) مشیر وزیر اعظم برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے اہم ترین قومی منصوبہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی غیرجانبدار اور صاف شفاف مانیٹرنگ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔ وفاقی وزارت سے بروز بدھ کو جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی میں اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں بین الاقوامی ماحولیاتی ادارے انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر پاکستان، ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر پاکستان اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگری کلچر اداروں کے نمائندے کے ساتھ وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سیکرٹری حسن ناصر جامی اور جوائنٹ سیکرٹری سلیمان وڑائچ موجود تھے۔ اس موقع پر ملک امین اسلم نے کہا کہ یہ تینوں ادارے انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر پاکستان، ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر پاکستان اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگری کلچر ملک کر ایک آپس میں ایک مشترکہ کنسورشیم کے ذریعے اور تمام متعلقہ صوبائی محکوموں کی تجاویز کی روشنی میں ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی غیرجانبدار اور صاف شفاف مانیٹرنگ کے لیے ایک جامع منصوبہ وضع کریں۔ ان اداروں کے نمائندوں نے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی غیرجانبدار اور صاف شفاف مانیٹرنگ کے لیے ایک جامع اور قابل عمل مانیٹرنگ کا نظام وضع کریں گے۔