اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):غیرسرکاری تنظیم ٹیچ فار پاکستان نے منگل کو یہاں لیڈرشپ فار سسٹمک چینج پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے ماہرین تعلیم اور ملکی تعلیمی نظام کی بہتری یا اس سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی اور پاکستان کے تعلیمی نظام کو تبدیل کرنے کے لیے اجتماعی قیادت کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس نے پالیسی سازوں، ماہرین اور ماہرین تعلیم کو تعلیمی اصلاحات پر خیالات اور تجربات کا اشتراک کرنے کے لیے مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشن کے ذریعے آئندہ کی راہ کے چنائو کے لیے تجاویز اکٹھی کرنے کا موقع فراہم کیا۔
ٹیچ فار پاکستان کی بانی اور سی ای او خدیجہ بختیار نے سب کے لیے معیاری تعلیم کو یقینی بنانے میں مساوات اور اجتماعی قیادت کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ تعلیمی بحران جس میں پاکستانی بچے اپنے گریڈ لیول سے 4 تا 5 سال پیچھے ہیں، نظامی اصلاحات کو نافذ کرنے کے لیے وسیع اتحاد کی ضرورت ہے۔ ٹیچ فار آل کے شریک بانی اور سی ای او وینڈی کوپ نے اجتماعی قیادت کی تعریف ایک مشترکہ مشن کی طرف، متنوع پس منظر سے، ہر سطح پر کام کرنے والے افراد کے طور پر کی۔
وفاقی سیکرٹری، فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ محی الدین احمد وانی نے پرنسپل، اساتذہ، والدین اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تعلیم کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔کانفرنس کا مقصد اجتماعی قیادت اور نظامی اصلاحات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان کے تعلیمی نظام کو تبدیل کرنے کے لیے قابل عمل حکمت عملی تجویز کرنا تھا۔