29.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومقومی خبریںٹیکسٹائلز کی ملکی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 8.47 فیصد...

ٹیکسٹائلز کی ملکی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 8.47 فیصد اضافہ ہوا ہے، پی بی ایس

- Advertisement -

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):ٹیکسٹائلز کی ملکی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 8.47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات کا حجم 14.84ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ٹیکسٹائلز کے شعبہ کی برآمدات سے 13.68 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا ۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 10مہینوں کے دوران ٹیکسٹائلز کی برآمدات میں 1.16ارب ڈالر یعنی 8.47 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں ٹیکسٹائلز کی برآمدات میں مسلسل اضافے کا رحجان رہا تاہم اپریل 2025میں برآمدات میں معمولی کمی واقع ہوئی۔پی بی ایس کے مطابق اگست 2024 میں ٹیکسٹائلز کی برآمدات میں 13 فیصد ‘ ستمبر میں 17.92فیصد ‘ اکتوبر 13.11 فیصد ‘ نومبر 10.81 ‘ دسمبر 2024 میں 5.55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح جنوری 2025میں بھی برآمدات میں 15.85فیصد ‘ فروری میں 9.31فیصد اور مارچ میں 9.97 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اپریل 2024 کی 1.24ارب ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں اپریل 2025 کے دوران ٹیکسٹائلز کی برآمدات کا حجم 1.35فیصد کمی سے 1.22ارب ڈالر تک کم ہوگیا۔پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 17.52 فیصد جبکہ نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 15.47 فیصد اور بیڈ ویئرز کی برآمدات میں بھی 12.2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران مجموعی قومی برآمدات 6.4 فیصد کی بڑِھوتری سے 25.27 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 26.89 ارب ڈالر تک بڑھی ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601720

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں