فیصل آباد۔ 22 دسمبر (اے پی پی):حکومتی ہدایات کی روشنی میں کپاس کی بڑھتی ہوئی ملکی ضروریات اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کیلئے کپاس کی فصل کی فوری بحالی اور پیداواری ہدف کے حصول کو اولین ترجیح قرار دیدیاگیاہے اور اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کوخصوصی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ کپاس کی فصل کو کم دورانیہ اور زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل بنانے کیلئے تحقیقی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کاشتکاروں کیلئے کپاس کی فصل کو زیادہ منافع بخش بنانے کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور ماہرین کی قیمتی آرا کی روشنی میں قلیل المدتی اور طویل المدتی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا زیادہ تر دارومدار کپاس کی فصل پر ہے کیونکہ یہ ایک ایسی فصل ہے جس سے بیشتر لوگوں کا بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار وابستہ ہے جبکہ گزشتہ 7 دہائیوں سے سب سے زیادہ زرمبادلہ اسی فصل سے حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں بریک تھرو کیلئے تحقیقی اداروں کو نتائج دینا ہوں گے۔ زرعی ٹاسک فورس کھادوں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کے مکرو ہ کاروبار سے وابستہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیراہے کیونکہ جعلی زرعی ادویات اور کھادوں کا کاروبار کرنے والے ملک وقوم کے دشمن ہیں جن کی بیخ کنی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو ملاوٹ سے پاک ان زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔