اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں دسمبر کے دوران سالانہ بنیادوں پر 5.7 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ۔ ادارہ شماریات پاکستان اور آپٹما کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 1.48 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو دسمبر 2023 کے مقابلہ میں 5.7 فیصد زیادہ ہے۔
دسمبر 2023 میں ٹیکسٹائل مصنوعات کاحجم 1.40 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔ نومبر کےمقابلہ میں دسمبر میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 1.3 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ نومبر میں 1.46 ارب ڈالر مالیت کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو دسمبر میں بڑھ کر 1.48 ارب ڈالر ہو گئیں۔
جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی مجموعی برآمدات کاحجم 9.09 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.7 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 8.29 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔