ٹیکسٹائل چین کے مسائل حل کر کے برآمدات کو 28 ارب ڈالر تک پہنچایاجاسکتاہے، ترجمان اپٹپما

62
Aptma
Aptma

فیصل آباد۔ 18 جنوری (اے پی پی):آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن(اپٹپما)کے ترجمان نے کہا کہ اگر ٹیکسٹائل چین کے مسائل حل کردیئے جائیں تو ٹیکسٹائل کی برآمدات کو 27 سے 28 ارب ڈالر تک پہنچایاجاسکتاہے تاہم اس وقت بجلی و گیس کے بحران سے کئی ادارے بند جبکہ باقی چند کم سے کم استعداد کار پر چلنے سے مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے۔

میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل کی اہمیت اور افادیت کے ادراک کے باوجود اس کی بجلی و گیس کی ضروریات کو پورا نہیں کیا جا رہا اور اسی وجہ سے کئی ادارے بند جبکہ کئی کم استعداد کا ر پر چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکسٹائل کی پوری چین کے مسائل کو حل کیا جائے تو ٹیکسٹائل کی برآمدات سے27 سے28ارب ڈالر تک کمائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بیماریونٹوں کی بحالی کے بارے میں وضاحت کی کہ کوئی ادارہ قرضے معاف کرانا نہیں چاہتا مگروہ چاہتے ہیں کہ سٹیٹ بینک نان پرفارمنگ لون کے بارے میں اپنے قوانین میں نرمی کرے تا کہ بینکوں سے ہم نئے لون لے کر بند یونٹوں کو چلا سکیں۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح جہاں صنعتیں چلیں گی وہیں معیشت بھی ترقی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ حل ہو جائے توبیمار یونٹوں سے 1 ملین ڈالرسے زائد کمانے کے علاوہ 80سے1 لاکھ تک مزدورں کو روزگاربھی مہیا ہوسکے گا۔